پاکستان کو پریکٹس میچ میں شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان کی اننگز میں اوپنر حفیظ اور کپتان اظہر علی نے عمدہ اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا

پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کرکٹ سیریز سے پہلے ایک پریکٹس میچ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون سے ہار گئی ہے۔

بدھ کو فتح اللہ میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون نے 269 رنز کا ہدف نو وکٹوں کے نقصان پر سات گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

بی سی بی الیون کی جانب صابر رحمان نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے چار، راحت علی نے دو، غیر قانونی بولنگ ایکشن درست ہونے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے والے آف سپنر سعید اجمل نے ایک، ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف کواٹر فائنل میں جارحانہ بولنگ کرانے والے وہاب ریاض نے ایک، جبکہ یاسر شاہ نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے پاکستان کی اننگز میں اوپنر حفیظ اور کپتان اظہر علی نے ایک اچھا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 66 کے سکور پر اس وقت گری جب اظہر علی 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ 85 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ فواد عالم 67 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان بنگلہ دیش کے دورے میں اپنا پہلا ایک روزہ میچ 17 اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گی۔

دوسرا میچ 19 اپریل اور تیسرا میچ 22 اپریل کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہی سٹیڈیم 24 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی بھی کرے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 28 اپریل سے دو مئی تک کھلنا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ میرپور میں چھ سے دس مئی تک ہو گا۔

اسی بارے میں