زخمی یاسر شاہ ون ڈے سیریز سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق یاسرشاہ کے ٹانکے کھلنے میں ایک ہفتہ لگے گا جس کےسبب وہ ون ڈے سیریز سے باہر رہ گئے ہیں تاہم وہ بنگلہ دیش میں ہی رہیں گے اور ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہوجانے کے سبب بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

انھیں یہ زخم پاکستانی کرکٹ ٹیم اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ الیون کے درمیان فتح اللہ میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران آیا جس کے نتیجے میں انھیں تین ٹانکے لگانے پڑے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق یاسرشاہ کے ٹانکے کھلنے میں ایک ہفتہ لگے گا جس کےسبب وہ ون ڈے سیریز سے باہر رہ گئے ہیں تاہم وہ بنگلہ دیش میں ہی رہیں گے اور ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ یاسرشاہ بنگلہ دیشی دورے کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جمعرات کے روز ون ڈے سیریز کے لیے یاسر شاہ کے متبادل کے نام کا اعلان کرے گا۔

یاسر شاہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہوجانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل صہیب مقصود اور سہیل خان ان فٹ ہوچکے ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو میرپور میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں