ایشیا کرکٹ ٹورنامنٹ اب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان دو بار ایشیا کپ جیت سکا جبکہ بھارت نے پانچ بار جیتا ہے

بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ ایشیا کپ آئندہ سال 50 اوورز کی بجائے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے والی ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق کا کہنا ہے کہ سال 1984 سے کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے فارمیٹ میں پہلی بار تبدیلی آئندہ سال منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔

اشرف الحق کے مطابق آئندہ سال اپریل، مارچ میں بھارت میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلا جائے گا اور اس سے پہلے منعقد ہونے والے ایشیا کپ کے فارمیٹ میں پہلی بار تبدیلی کرتے ہوئے پچاس اوورز کی بجائے 20 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ کرکٹ کا عالمی کپ 2019 میں انگلینڈ میں کھیلا جائےگا اور اس سے پہلے منعقد ہونے والا ایشیا کپ پچاس اوورز کے اپنے اصل فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

اشرف الحق نے ایشیا کپ کے فارمیٹ میں تبدیلی کی تصدیق تو کی لیکن ان کے بقول ابھی تک یہ طے نہیں ہوا ہے کہ اس کپ کی میزبانی کس ملک کے حصے میں آئے گی۔

گذشتہ سال منعقد ہونے والی ایشیا کپ میں افغانستان نے شرکت کی تھی اور یہ کپ سری لنکا نے جیتا تھا۔ ایشیا کپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت کے علاوہ دو ٹیمیں شامل ہوں گی جن کے پاس ٹیسٹ کھیلنے کا سٹیٹس نہیں ہے۔

اشرف الحق کے مطابق رواں سال جون میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی ایشین کرکٹ کونسل کا کنٹرول سنبھال لے گی اور وہی ایشیا کپ کا انعقاد کرے گی۔

سری لنکا اور بھارت پانچ پانچ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان دو بار ایشیا کپ کا فاتح رہا۔

اسی بارے میں