ایک روزہ کرکٹ میں 138گیندوں پر 350 رنز کا ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ’میں نے جب ہر گیند پر شاٹ مارنا شروع کی تو میں اس میں خوش قسمت ثابت ہوا‘

برطانوی کلب نانٹوچ کی طرف سے کھیلنے والے آل راؤنڈر لیام لوِنگ سٹون نے لیکڈی کی ٹیم کے خلاف ایک روزہ میچ میں 138 گیندوں پر 350 رنز بنا کر دنیائے کرکٹ میں ایک نیا ریکاڈ قائم کر دیا ہے۔

21 سالہ لیام نے اپنی اننگز میں 34 چوکے اور 27 چھکے لگائے۔

نیشنل کلب چیمپئن شِپ کے اس میچ کا سکور تاریخ کے سب سے بڑے سکوروں میں آتا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے لیام نے کہا: ’جب میں 100 رنز پر پہنچا تو میں نے ہر گیند پر ہِٹیں لگانا شروع کر دیں، پھر جب میں 200 اور پھر 300 رنز تک پہنچا تو مجھے احساس ہوا کچھ خاص ہونے والا ہے۔‘

لیام کی ٹیم نانٹوچ نے مقررہ 50 اووروں میں 579 رنز کا سکور بنائے۔ مخالف ٹیم کیلڈی صرف 90 کے سکور پر آؤٹ ہوگئی۔

لیام لنکاشائر کاؤنٹی کے نئے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، لیکن وہ ابھی تک لنکاشائر کی طرف سے اپنا پہلا میچ نہیں کھیل سکے۔

اس شاندار کارکردگی پر انھوں نے کہا کہ ’وکٹ سلو تھی اور میں نے جب ہر گیند پر شاٹ لگانا شروع کی تو میں اس میں خوش قسمت ثابت ہوا۔ مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میں نے اتنا بڑا کارنامہ سر انجام دے دیا ہے۔ میں نے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔‘

لیام نے گذشتہ سیزن میں لنکا شائر کی اے ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے یارکشائر کے خلاف 242 گیندوں پر 204 رنز بنائے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کی صبح دس بجے ٹریننگ ہے اور انھیں جلدی سونا ہے۔ اس لیے انھیں جانا ہو گا۔

’میں پھر کبھی بیٹھ کر اس کامیابی کا جشن مناؤں گا۔‘

اسی بارے میں