ان فٹ سہیل خان کی جگہ عمران خان ٹیم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عمران خان نے اپنے کریئر میں تین ٹیسٹ کھیلے ہیں اور سات وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر عمران خان کو ان فٹ سہیل خان کی جگہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

سہیل خان بنگلہ دیش کے دورے سے قبل ہی کمر کی تکلیف کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے تھے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز تک فٹ نہیں ہو سکیں گے۔

27 سالہ عمران خان گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور ان میں انھوں نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

وہ سری لنکا کے دورے پر جانے والی پاکستان اے کی ٹیم میں شامل تھے تاہم انھیں اے ٹیم سے ہٹا کر سینیئر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور اے ٹیم میں ان کی جگہ فاسٹ بولر ضیاء الحق کو شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے دورے کے موقعے پر کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کا سامنا ہے۔

سہیل خان کے علاوہ فاسٹ بولر احسان عادل، لیگ سپنر یاسر شاہ اور مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود ان فٹ ہو چکے ہیں۔

یاسر شاہ انگوٹھا زخمی ہونے کے سبب ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

احسان عادل کے ان فٹ ہونے کے سبب عمرگل کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے دو میچ ہار چکی ہے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کے روز کھیلا جا رہا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی 24 اپریل کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔

اسی بارے میں