سٹراس نے نیا عہدہ ملنے پر کوچ پیٹر موور کو برطرف کر دیا

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption انگلینڈ کی جانب سے 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 38 سالہ اینڈریو سٹراس نے 50 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیے

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے سابق کپتان اینڈریو سٹراس کے بطور ڈائریکٹر کرکٹ منتخب ہونے کے بعد ٹیم کے موجودہ کوچ پیٹر موور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

پیٹر مور کو کرکٹ کے عالمی کپ میں انگلینڈ کی خراب کارکردگی اور اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈرا ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد ہٹایا گیا ہے۔

52 سالہ پیٹر مور جو سنہ 2007 سے 2009 تک انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں نے کہا ’میں اس بات کو مدِ نظر رکھ کر جا رہا ہوں کہ میں نے انگلینڈ کرکٹ کو اپنا سب کچھ دے دیا ہے۔‘

انھوں نے کہا ’جب میں نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے چارج سنھبالا تھا تو مجھے اس بات کا اندازہ تھا کہ یہ انگلینڈ کی کرکٹ کے لیے ایک مشکل وقت ہو گا اور مجھے کھلاڑیوں کی حمایت حاصل کرنے میں وقت درکار ہو گا‘

انگلینڈ کی جانب سے 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 38 سالہ اینڈریو سٹراس نے 50 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیے۔

انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ پال فاربریس 21 مئی کو لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کا چارج لیں گے۔

پیٹر مور کو انگلینڈ کے کوچ کی حیثیت سے برطرف کرنے کی خبریں جمعے کو اس وقت سامنے آئیں جب ڈبلن میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا واحد ایک روزہ مچ بارش کے باعث ختم کر دیا گیا تھا۔

پیٹر موور کو اپریل سنہ 2014 میں دوبارہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا اور وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ کے انچارج بھی تھے۔

اینڈریو سٹراس کی تقرری پال ڈاؤن ٹن کی بطور ای سی بی مینیجنگ ڈائریکٹر برطرفی کے بعد ہوئی۔

انگلینڈ کے دو سابق کپتانوں ایلس سٹوریٹ اور مائیکل وان نے بھی اس عہدے کے لیے ابتدائی طور پر اپنی دلچسپی ظاہر کی تھی۔