’آفیشلز نہیں بھیج رہے لیکن سیریز انٹرنیشنل میچوں میں شمار ہو گی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیرز کے لیے میچ آفیشلز کےناموں کا اعلان جلد متوقع ہے

عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان اور زمبابوے کے کرکٹ حکام کو بتایا ہے کہ آئی سی سی دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے اپنے آفیشلز نہیں بھیجے گی۔

آئی سی سی نے یہ فیصلہ اپنے سکیورٹی کے ماہر کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے۔

اپریل میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ اگر امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے آئی سی سی اپنے اہلکار نہیں بھیج سکی تو پاکستان زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے مقامی امپائر تعینات کر سکے گا۔

اگر ایسا ہوا تو ہے تب بھی پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کو سرکاری حیثیت حاصل ہو گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے لیے آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق آفیشلز میں علیم ڈار، احسن رضا، احمد شہاب، شوذب رضا اور زمبابوے سے تعلق رکھنے والے امپایر رسل ٹفن شامل ہیں۔

پی سی بی کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ میچ ریفری اظہر خان ہوں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 40 سالہ احسن رضا کو 2009 میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر حملے میں گولیاں لگی تھیں اور وہ ایک ماہ تک تشویشناک حالت میں ہسپتال میں رہے تھے۔

واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم منگل کو پاکستان پہنچےگی جہاں اُس نے دو ٹی 20 اور تین ایک دوزہ میچ کھیلنے ہیں جن کا باقاعدہ آغاز 22 مئی سے ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پی سی بی کے چیئر مین شہریار خان نے جمعے کے روز زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے سے بات کی تھی

سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان کے شہر لاہور میں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے سے پہلے سخت حفاظتی اِنتظامات کیے جا رہے ہیں۔

سنیچر کے روز پولیس کی ٹیموں نے زمبابوے ٹیم کی آمد سے قبل فُل ڈریس ریہرسل کی جس میں ایئر پورٹ سے نجی ہوٹل اور پھر قذافی سٹیڈیم تک سفر کر کے حالات کا جائزہ لیاگیا۔

قذافی سٹیڈیم کےآس پاس موجود تمام کاروباری مراکز اور ریستورانوں کو بھی دو ہفتوں کے لیے بند کر دیاگیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی سٹیڈیم کے گردو نواح میں موجود ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 45 اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکت کے واقعے کے بعد یہ قیاس آرائیاں پیدا ہورہی تھیں کہ شاہد زمبابوے کی ٹیم پاکستان نہ آئے۔

لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان کا نےبیان دیا تھا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم اپنے طے شیڈول پر پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انھوں نے کہا تھا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے انھیں جمعے کے روز فون کر کے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی۔

واضع رہے کہ سیریز کے سارے میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

اسی بارے میں