دورۂ سری لنکا کے لیے ٹیسٹ ٹیم، احمد شہزاد کی واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption احمد شہزاد کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شامل نہیں کیا گیا تھا

سری لنکا کے دورے کے لیے 15 رکنی پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

مصباح الحق کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں کوئی نیا کھلاڑی شامل نہیں ہے اور سلیکٹروں نے تجربہ کار کھلاڑیوں پر ہی انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

احمد شہزاد، جنھیں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر بنگلہ دیش کے دورے میں صرف ٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، دوبارہ ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فاسٹ بولر احسان عادل کی واپسی ہوئی ہے جو ان فٹ ہونے کے سبب بنگلہ دیش کا دورہ نہیں کر سکے تھے

بنگلہ دیش کے دورے میں ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بننے والے سعید اجمل، بابر اعظم، بلاول بھٹی اور سمیع اسلم ڈراپ کر دیے گئے ہیں۔ان میں سے صرف سمیع اسلم دونوں ٹیسٹ میچوں میں کھیلے تھے۔

تیسرے اوپنر کے طور پر شان مسعود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو چار ٹیسٹ میچوں کی آٹھ اننگز میں 62. 20 کی اوسط سے رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں جس میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔

شان مسعود کو پاکستان اے ٹیم کے حالیہ دورۂ سری لنکا کے تیسرے غیرسرکاری ٹیسٹ میں 182 رنز کی اننگز کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صباح الحق کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں کوئی نیا کھلاڑی شامل نہیں ہے

فاسٹ بولر احسان عادل کی واپسی ہوئی ہے جو ان فٹ ہونے کے سبب بنگلہ دیش کا دورہ نہیں کر سکے تھے، البتہ سہیل خان اور راحت علی ابھی تک فٹ نہیں ہو سکے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شان مسعود، اظہر علی، یونس خان، اسد شفیق، حارث سہیل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، جنید خان، احسان عادل، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور عمران خان۔

پاکستانی ٹیم سری لنکا کے دورے میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی 20 کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ میچ 17 جون سے گال میں دوسرا ٹیسٹ 25 جون سے کولمبو اور تیسرا ٹیسٹ تین جولائی سے پالیکیلے میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے اور ٹی 20 کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں