فیفا کے عہدیدار کو لطیفہ مہنگا پڑ گیا

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption فیفا نے اعلان کیا ہے کہ گریگوریو تنظیم کے ساتھ اپنی مدت ختم ہونے تک مشیر کے طور پر رہیں گے

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر والٹر گریگوریو کو فیفا کی گورننگ باڈی کے بارے میں سوئس ٹی وی پر مذاق کرنے پر برطرف کر دیا گیا ہے۔

گریگوریو نے سوئس ٹی چینل پر ایک شو میں مذاق کیا کہ ’فیفا کے صدر، سیکریٹری جنرل اور کمیونیکیشن ڈائریکٹر ایک گاڑی میں سفر کر رہے ہیں۔ گاڑی کون چلا رہا ہے؟ جواب ہے پولیس۔‘

اس شو کے بعد فیفا نے اعلان کیا کہ گریگوریو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ وہ مستعفی نہیں بلکہ ان کو فیفا کے صدر سیپ بلیٹر نے استعفیٰ دینے کا کہا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں بلیٹر نے پانچویں بار صدر متخب ہونے کے دو دن بعد ہی کہا تھا کہ وہ فیفا کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

ان کا یہ اعلان اس وقت آیا جب سات فیفا کے سرکردہ عہدیداران کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

گریگوریو اپنے عہدے پر 2011 سے تعینات تھے۔ کہا جاتا ہے کہ گریگوریو کا بلیٹر کے ایک سگتھی کی وجہ سے بلیٹر کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔

فیفا نے اعلان کیا ہے کہ گریگوریو تنظیم کے ساتھ اپنی مدت ختم ہونے تک مشیر کے طور پر رہیں گے۔

اسی بارے میں