گال ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نذر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔

گال میں بدھ کو علی الصبح شدید بارش ہوئی اور پھر وقفے وقفے سے یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہا۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی بارش جاری رہنے کے بعد امپائروں نے کھیل منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق اب جمعرات کو دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 15 منٹ قبل پونے دس بجے شروع ہوگا۔

پاکستان اور سری لنکا کی تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دو سال کے مختصر عرصے میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چوتھی سیریز ہے۔

سری لنکن کپتان اینجیلو میتھیوز کی امیدیں لیفٹ آرم سپنر رنگانا ہیراتھ سے وابستہ ہیں جنھوں نے پاکستان کے خلاف گذشتہ سیریز کے دو ٹیسٹ میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو سیریز دو صفر سے جتوائی تھی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم سنہ 2006 کے بعد سے سری لنکا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت پائی ہے۔ آخری بار اس نے انضمام الحق کی قیادت میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔

سری لنکن ٹیم کے کوچ مارون اتاپتو کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کی غیر موجودگی سے نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔

سعید اجمل گذشتہ سال سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ہی مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی کی زد میں آئے تھے جس کے بعد انھوں نے اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کی۔

تاہم وہ بنگلہ دیش کے دورے میں کامیاب ثابت نہ ہو سکے اور انھیں سری لنکا کے دورے سے ڈراپ کر دیا گیا اور اب وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

اسی بارے میں