بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت کو 79 رنز سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption میزبان بنگلہ دیش نے اس سے پہلے پاکستان کو بھی ایک روزہ میچوں کی سیزیز میں شکست دی تھی

بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو 79 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

بنگلہ دیش اگرچہ مقررہ 50 اوورز نہیں کھیل سکا تاہم اس نے 49.4اوورز میں 307 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے سب سے زیادہ 60 رنز بنائے جبکہ سومیا سرکار نے 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ان دونوں کے علاوہ شکیب الحسن نے بھی نصف سنچری بنائی اور 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

308 رنز کے تعاقب میں بھارتی اننگز کو 95 رنز کا اچھا آغاز ملا تاہم اس کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 128 کے سکور تک اس کی نصف ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔

بھارتی اننگز میں پانچ بلے باز اپنے سکور کو دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچا سکے جس میں کوہلی 1 اور کپتان دھونی 5 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی اننگز میں اوپنر روہت شرما 63 رنزبنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے بولر مستفیض الرحمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔

بنگلہ دیش کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ سیریز کا اگلا میچ 21 جون کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں