انگلینڈ نے میچ اور سیریز جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار جونی بیئر سٹو نے ادا کیا۔ انھوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری میچ میں انگلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو سنسنی مقابلے کے بعد تین وکٹوں کے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز تین دو سے جیت لی ہے۔

انگلینڈ نے 192 رنز کا مطلوبہ ہدف 25 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بنائے تھے تاہم بارش کے بعد انگلینڈ کو 26 اوورز میں جیتنے کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار جونی بیئر سٹو نے ادا کیا۔ انھوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ کے دوسرے نمایاں بیٹسمین سام بیلنز رہے، انھوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سانٹر نے تین اور بین ویلر نے دو کھلاڑیو کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلےانگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بنائے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر مارٹن گپتل نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے جبکہ کپتان برینڈن میکلم صرف چھ رنز ہی بنا سکے۔

کین ولیمسن اور گپتل نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 94 رنز بنائے۔ ولیمسن پانچ چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر سٹوکس کی گینڈ پر کلین بولڈ ہوئے۔

ان کے علاوہ راس ٹیلر 47، گرانٹ ایلیٹ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سٹیون فن نے 73 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے 3 ، ڈیوڈ ویلی اور عادل راشد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 350 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے پانچ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کر دی تھی۔

جبکہ ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اوول میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 13 رنز سے جبکہ برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 210 رنز سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں