ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی نیوزی لینڈ پر فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انگلینڈ کی جانب سے روٹ نمایاں بلے باز رہے۔ انھوں نے 46 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز بنائے

برطانوی شہر مانچسٹر میں کھیلے جانے والے واحد ٹی 20 کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 56 رنز سے شکست دے دی ہے۔

انگلینڈ نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا لیکن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 135 رنز ہی بنا سکی۔

تفصیلی سکور کارڈ

اولڈ ٹریفرڈ میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جو روٹ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

روٹ نے 46 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سینٹنر اور میک کلینیگھن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 17 ویں اوور میں 135 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میکلم اور ولیمسن کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

میکلم نے 15 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے جبکہ ولیمسن 37 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے وِلی اور وُڈ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

اسی بارے میں