عالمی ہاکی لیگ: پاکستان اور بھارت کا میچ دو دوگول سے برابر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اس میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ ہاکی کھیلی تاہم میچ میں واضح فاتح سامنے نہیں آ سکا

بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری عالمی ہاکی لیگ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا ہے۔

جمعے کو کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ ہاکی کھیلی تاہم میچ میں واضح فاتح سامنے نہیں آ سکا۔

میچ کے 13ویں منٹ میں رامندیپ سنگھ نے گول کر کے بھارت کو ایک صفر سے برتری دلائی، جس کے بعد پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے میچ کے 23ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستان کو برتری اس وقت حاصل ہوئی جب محمد عمران نے ہی 37ویں منٹ میں دوسرا گول کر دیا۔

تاہم پاکستان کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور 39ویں منٹ میں رامندیپ سنگھ نے بھارت کی جانب سے دوسرا گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔

اس میچ میں پاکستان کے محمد عمر بھٹہ کو دو بار گرین کارڈ جبکہ بھارت کی جانب سے ستبیر سنگھ اور دویندر والمیکی کو ایک ایک یلو کارڈ ملا۔

ایشیائی چیمپئن بھارت اور چیمپئينز ٹرافی میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے درمیان ہونے والے اس میچ پر سب کی نگاہیں ٹکی ہوئی تھیں۔

2016 میں ہونے والے ریو اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کے لیے یہ ٹورنامنٹ آخری موقع ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی جانب سے دونوں گول کپتان محمد عمران نے کیے

یہ چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے بعد پہلا موقع تھا کہ دونوں روایتی حریف مدِمقابل آئے۔

بھارت عالمی ہاکی لیگ میں اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت چکا ہے۔ بھارت نے پہلے مقابلے میں فرانس کو دو کے مقابلے میں تین جبکہ دوسرے میچ میں پولینڈ کو تین صفر سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے بھی پولینڈ کے خلاف میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیتا تھا لیکن اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت پہلے ہی 2016 کے اولمپک کھیلوں میں ہاکی کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

اسی بارے میں