زمبابوے کے خلاف ٹیم انڈیا کا اعلان، سینیئر کھلاڑیوں کو آرام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اجینکیا رہانے کو آئی پی ایل اور بنگلہ دیش میں اچھی کارکردگی کے سبب کپتان مقرر کیا گیا ہے

بھارت کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی نے زمبابوے کے دورے کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا ہے جس میں تقریباً تمام سینیئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔

آئی پی ایل اور اس کے بعد بنگلہ دیش میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمین اجنکیا رہانے کو ٹیم انڈیا کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اس سیریز میں بھارت اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ ہوں گے جس کی دس جولائی سے ابتدا ہو رہی ہے۔

اس ٹور کے لیے بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی، ٹیسٹ میچ کے کپتان وراٹ کوہلی اور سوریش رینا کے علاوہ آر ایشون، رویندر جڈیجا وغیرہ کو آرام دیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ اوپنر شیکھر دھون اور روہت شرما کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ان کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش اور اس سے قبل آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا۔

آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کے سبب ہربھجن سنگھ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں واپسی کی تھی اور اب انھیں اس سیریز میں بھی جگہ ملی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption زمبابوے کا دورہ کرنے والی ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہربھجن سنگھ ہوں گے

سیلیکشن کمیٹی کے چيئر مین سندیپ پاٹل نے ٹیم کا اعلان کیا۔

ٹیم اس طرح ہے:

اجنکیا رہانے (کپتان)، مرلی وجے، رائیڈو، منوج تیواری، کیدار جادھو، روبن اتھپا، منیش پانڈے، ہربھجن سنگھ، اکشر پٹیل، کرن، دھول کلکرنی، سٹوارٹ بنی، بھوونیشور کمار، موہت شرما، سندیپ شرما

اس کے علاوہ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف انڈیا اے ٹیم کا ابھی اعلان کیا ہے۔

اسی بارے میں