چلی نے پہلی مرتبہ کوپا امریکہ فٹبال کپ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اضافی وقت میں بھی کوئی گول نہ ہوسکا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا

چلی میں کھیلے جانے والے کوپا امریکہ فٹبال کپ کے فائنل میں میزبان چلی نے ارجنٹائن کو پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

چلی نے پہلی مرتبہ کوپا امریکہ کپ جیتا ہے جبکہ ارجنٹائن گذشتہ 22 سال سے کوئی بھی اہم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ چلی نے سنہ 1916 میں ارجنٹائن میں کھیلے گئے پہلے کوپا امریکہ فٹبال کپ میں حصہ لیا تھا تاہم اسے یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں تقریباً ایک سو سال کا طویل انتظار کرنا پڑا۔

سنیچر کو سان تیانگو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔

دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے متعدد موقعے ملے تاہم کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میں برتری حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

اضافی وقت میں بھی کوئی گول نہ ہوسکا جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

ارجنٹائن کی جانب سے گونزالو ہیگوائن نے اپنی پنلٹی مِس کر دی اور ایور بنیگا کی پنلٹی چلی کے گول کیپر براوو روکنے میں کامیاب ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ارجنٹائن گذشتہ 22 سال سے کوئی بھی اہم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ہے

پنلٹی شوٹ آؤٹ میں ارجنٹائن کے مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی ہی واحد گول کر سکے جبکہ چلی کی جانب سے فرینڈیز، ویڈال، آرنگوئز اور سینچیز فٹبال کو جال میں پھینکنے میں کامیاب ہوئے۔

میچ کے دوران چلی کے سلوا، میدل،ویدال، ڈیاز، آرنگوئز کو اور ارجنٹائن کی ٹیم میں روجو، ماشیرانو اور بنیگا کو ییلو کارڈ ملا۔

اس سے قبل تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں پیرو نے پیراگوائے کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں