آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption رائن ہیرس کو اپنے کیریئر میں انجری کے مسائل رہے ہیں

آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس نےگھٹنے میں چوٹ کے باعث بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ رائن ہیرس کی غیر موجودگی ایشز سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

ٹیم میں ان کی جگہ پیٹ کمنز نے لی ہے۔

35 سالہ رائن ہیرس 8 جولائی کو شروع ہونے والی ایشز سیریز کے سلسلے میں ایسیکس خلاف وارم اپ میچ میں شرکت نہیں سکے تھے۔

گذشتہ سال رائن ہیرس کو اپنے گھٹنے کی سرجری کروانی پڑی تھی۔ انھوں نے بارہ ایشز ٹیسٹ میچوں میں 20.63 کی اوسط سے 57 وکٹیں لیں ہیں۔

رائن ہیرس کو اپنے کیریئر میں انجری کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ ایشز کےلیے برطانیہ پہنچنے سے قبل وہ آسٹریلیا کے دورہِ ویسٹ انڈیز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

ہیرس آسٹریلیا میں کوئینز لینڈ اور ساؤتھ آسٹریلیا کے لیے کھیلتے رہے ہیں اور انھوں نے اپنا کاؤنٹی کیریئر سرے، سسیکس اور یارکشائر کے ساتھ گزرا۔

اس ایشز سیریز کے آغاز میں انھوں نے کینٹ کے خلاف تو وارم اپ میچ میں شرکت کی۔ تاہم ایسیکس کے خلاف میچ سے قبل سکینز میں ان کی چوٹ کی نوعیت کا معلوم ہوا جس کے بعد انھوں نے اپنا کیریئر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

رائن ہیرس نے 2010 میں آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ انھوں نے 27 ٹیسم میچوں میں 113 وکٹیں جبکہ 21 ایک روزہ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کیں۔

ان میں سے نصف سے زیادہ وکٹیں انھوں نے انگلینڈ کے خلاف حاصل کیں تھیں اور ایشز سیریز ان کے لیے اہم ہوتی ہے۔ 2013/14 کی ایشز سیریز میں جب آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ صفر سے شکست دی تھی تو وہ اس بولنگ اٹیک کا اہم حصہ تھے اور انھوں نے 22 وکٹیں لیں تھیں۔

ان کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کی بولنگ کا آغاز یقیناً مچل جانسن اور مچل سٹارک کیا کریں گے اور تیسرے نمبر پر جاش ہیزل وڈ جبکہ پیٹ سمنز اور پیٹر سڈل بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

اسی بارے میں