پاکستان اور سری لنکا دمبولا میں مدمقابل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ہفتے کے روز دمبولا میں کھیلا جارہا ہے۔

یہ اس سیریز کا واحد ڈے میچ ہے بقیہ چاروں میچ ڈے نائٹ ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں شکست ہوئی تھی البتہ اس نے زمبابوے کے خلاف سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

ورلڈ کپ میں ان فٹ ہونے کے بعد فاسٹ بولر محمد عرفان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے مختار احمد اور بلال آصف کو پہلی بار ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دلشان کو دس ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 204 رنز درکار ہیں

اس سیریز میں سری لنکا کو سنگاکارا اور جے وردھنے کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، البتہ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے تلکارتنے دلشان ٹیم میں شامل ہوں گے، جنھیں دس ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 204 رنز درکار ہیں۔

پاکستان اے کے خلاف انتہائی شاندار بیٹنگ کرنے والے کوشل پریرا بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں آٹھ ٹیموں نےحصہ لینا ہے اور اس وقت پاکستانی ٹیم 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز کا 88 پوائنٹ کے ساتھ آٹھواں نمبر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی پوزیشن ساتویں ہے اس کے 93 پوائنٹ ہیں۔

اسی بارے میں