سرینا ولیمز چھٹی بار ومبلڈن کی فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

سرینا ولیمز نے سپین کی گاربین موگوروزا کو شکست دے کر چھٹی بار ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس طرح انہوں نے تمام بڑے ٹائٹل اپنے نام کرکے’سرینا سلام‘ بھی مکمل کر لیا ہے۔

33 سالہ امریکی سرینا نے چھ چار، چھ چار سے لگا تار دو سیٹ جیت کر 21واں گرینڈ سلام اور اس سال کا تیسرا ٹائٹل جیتا۔

21 سالہ موگوروزا اپنی زندگی کے پہلے گرینڈ سلام فائنل میں کھیل رہی تھیں۔ شروع میں انہوں چار دو کی برتری حاصل کرکے ٹاپ سیڈ کو قدرے پریشان کر دیا تھا۔

جیت کے بعد سرینا نے کہا کہ ’اختتام کے قریب یقیناً دباؤ تھا۔‘

’گاربین نے کھیل کا اچھا آغاز کیا اور مجھے میدان میں رہنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑی۔

’مجھے کورٹ میں اتنا مزہ آ رہا ہے۔ ہر روز ومبلڈن کھیلنے اور جیتنے کا مزہ آتا ہے۔‘

ولیمز نے 20ویں سیڈ گوروزا کا ایک گھنٹے اور 23 منٹ تک جم کر مقابلہ کیا۔

اگلے ماہ وہ یو ایس اوپن میں حصہ لے کر کسی ایک کلینڈر سال میں اپنے کیریئر کا گرینڈ سلام مکمل کریں گی۔

اس سے قبل نو جولائی کو عالمی نمبر ون سیرینا عالمی نمبر چار ماریا شاراپوا کو ومبلڈن کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔

انہوں نے سٹریٹ سیٹس میں میچ جیت کر شاراپوا کے خلاف فتوحات کا اپنا 11 سالہ ریکارڈ برقرار رکھا تھا۔ شاراپوا نے 2004 سے لے کر اب تک سرینا ولیمز کو کبھی نہیں ہرایا اور یہ ان کی ولیمز کے ہاتھوں 17 ویں شکست تھی۔

اسی بارے میں