دوسری اننگز میں جنوبی افریقی بلے بازوں کی بہتر کارکردگی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

چٹاگانگ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 61 رنز بنا لیے۔

جنوبی افریقہ کو میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری کے خاتمے کے لیے اب بھی17 رنز درکار ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقی اوپنر ستیان زیل 33 اور ڈین ایلگر 28 رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل جمعرات کو بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں اسے مہمان ٹیم پر 78 رنز کی برتری ملی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے 179 رنز چار کھلاڑی آؤٹ کے سکور سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو مجموعی سکور میں 16 رنز کے اضافے کے بعد اسے پانچواں نقصان مشفق الرحیم کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔

تاہم اس کے بعد شکیب نے لٹن داس کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس موقع پر شکیب نصف سنچری سے تین رن کے فاصلے پر ہارمر کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

شکیب کے جانے کے بعد لٹن داس نے محمد شاہد کے ساتھ مل کر سکور 311 رنز تک پہنچا دیا۔ بعد میں آنے والے بلے باز سکور میں 15 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور ہارمر نے تین، تین وکٹیں لیں جبکہ فلینڈر نے دو اور زیل اور ایلگر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منگل کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کی پوری ٹیم 248 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اسی بارے میں