پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں محمد حفیظ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے

پاکستان سری لنکا کو ون ڈے سیریز ہرا کر آئی سی سی کی ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

سری لنکا میں کھیلی گئی پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2-3 سے شکست دی تھی۔

نوجوان کپتان اظہر علی کی قیادت میں سیریز جیت کر پاکستانی ٹیم کے رینکنگ ٹیبل پر 90 پوائنٹس ہو گئے ہیں جو 88 پوائنٹس کی حامل ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے دو پوائنٹ زیادہ ہیں۔

اس فتح سے پاکستان کے سنہ 2017 میں کھیلے جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب سیریز کی شکست کے باوجود سری لنکا پانچویں نمبر پر بدستور موجود ہے لیکن اس کے ریکنگ پوائنٹس میں تین نمبروں کی کمی آئی ہے جس کی وجہ سے انگلینڈ کو یہ موقع ملا ہے کہ اگر وہ آسٹریلیا کے ساتھ اگلے ماہ کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز جیتتا ہے تو وہ سری لنکا کو چھٹے نمبر پر دھکیل سکتا ہے۔

واضع رہے کہ سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں محمد حفیظ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔ انھوں نے پانچ میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کے مدد سے کُل 273 رنز بنائے۔

اس بہترین کارکردگی کے باعث محمد حفیظ آئی سی سی کی بلے بازوں کی رینکنگ میں 32ویں نمبر سے 29 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

دیگر پاکستانی کھلاڑی جن کی رینکنگ میں اضافہ ہوا ہے ان میں احمد شہزاد جو پانچ پوزیشنوں کی بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور کپتان اظہر علی آٹھ پوزیشنوں کی ترقی کے ساتھ اپنے کیریئر کی بہترین 42 ویں پوزیشن پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں