پاکستان کی ایک وکٹ سے جیت، انور علی کی دھواں دار بیٹنگ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کے 40 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے

کولمبو میں دو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔

پاکستان کی جیت میں انور علی اور عماد وسیم کی شراکت داری نے اہم کردار ادا کیا۔

آخری اور میں سری لنکا کو جیت کے لیے ایک وکٹ جبکہ پاکستان کو چھ رنز درکار تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آخری اوور کی دوسری گیند پر پاکستان نے 173 رنز کا ہدف حاصل کیا جس میں انور علی نے 17 گیندوں 46 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز مختار احمد اور احمد شہزاد نے کیا ہے اور 11 کے مجموعی سکور پر شہزاد 7 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد 16 کے مجموعی سکور پر اوپنر مختار احمد پر چار رنز بنا کر میتھوز کا دوسرا شکار بن گئے۔

دو وکٹوں کے نقصان کے بعد حفیظ اور شعیب نے سکور کو 33 رنز تک پہنچایا تو حفیظ رن آؤٹ ہو گئے۔

حفیظ کے رن آوٹ ہونے کے بعد مجموعی سکور میں سات رنز کے اضافے پر عمر اکمل بھی رن آؤٹ ہو گئے۔

شعیب ملک بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 8 رنز بنا کر سٹپ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کا سکور جب 101 رنز پر پہنچا تو رضوان 17 رنز پر بولڈ ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پہلے میچ میں 176 کے ہدف کے جواب میں سری لنکا نے 146 رنز بنائے تھے

کپتان شاہد آفریدی نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی اور 22 گیندوں پر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے جس میں جے سوریا 40 اور کپوگیدرا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان اور پریرا نے اننگز کا آغاز کیا اور 24 کے مجموعی سکور پر دلشان 10 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

دلشان کے بعد اوپننگ بلے باز پریرا کو 19 رنز پر شیعب ملک نے بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد 61 کے مجموعی سکور پر شاہد آفریدی نے سلوا کو 14 رنزپر آؤٹ کر دیا۔

مجموعی سکور میں تین رنز کے اضافے پر شعیب ملک نے تھیسارا پریرا کو آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

سری لنکا نے پانچویں وکٹ جے سوریا کی صورت میں گری جو عمدہ بیٹنگ کر رہے تھے اور 40 کے سکور پر سہیل تنویر نے انھیں آؤٹ کر دیا۔

سنیچر کو کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس ہارنے پر پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے مطابق وہ اگر ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے۔

پاکستان نے پہلا میچ کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

سری لنکا نے ٹیم میں میتھوز اور ویتھانجے کی جگہ سہان جے سوریا اور دوسوان شانکا کو شامل کیا۔ دونوں نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 176 رنز کا ہدف دیا تھا اور اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی تھی۔

اس سے پہلے پاکستان نے سری لنکا کو پانچ میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز میں تین دو سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں