’اب کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ مثبت کرکٹ کی طرف ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’پاکستان کے نقطہ نظر سے سب سے خوش آئند بات فیلڈنگ میں غیرمعمولی کارکردگی ہے‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ سری لنکا کا کامیاب ترین دورہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹیم درست سمت میں جا رہی ہے اور سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ مثبت کرکٹ کی طرف ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹ میں سیریز جیتی ہے۔

وقار یونس نے کولمبو سے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ٹیم عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے اس دورے میں سینیئرز اور جونیئرز تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ٹیسٹ سیریز میں وہ شاندار کامیابی کا کریڈٹ یاسر شاہ اور یونس خان کو دیں گے جبکہ شان مسعود نے بھی اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی۔شان مسعود ٹیسٹ اور انور علی ون ڈے میں اس دورے کی دریافت ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹ میں سیریز جیتی ہے

وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے نقطہ نظر سے سب سے خوش آئند بات فیلڈنگ میں غیرمعمولی کارکردگی ہے اور اس کا کریڈٹ شعیب ملک، انور علی اور رضوان کو جاتا ہے جنہوں نے پوری ٹیم کو متحرک کر دیا ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے ممکنہ خطرے کو ذہن میں رکھتے ہوئے نہیں کھیلی بلکہ سری لنکا کو ہرانا ہر کھلاڑی کے ذہن میں تھا تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ ان کے ذہن میں یہ بات موجود تھی کہ اگر پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز نہ جیت سکی تو چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو جائے گی۔

وقار یونس نے کہا کہ فاسٹ بولرز کی انجریز کے سبب بولنگ میں ٹیم کو مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے تاہم ہمیں اپنی فٹنس میں بہتری لانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں پچھلے کچھ عرصے سے اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہرکھلاڑی کو اپنے رول کا پتہ ہے لیکن انہیں امید ہے کہ آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھی ایک اچھا کامبی نیشن تیار کر لیا جائے گا۔

اسی بارے میں