’ہمیں ٹھنڈا کر دو‘

تصویر کے کاپی رائٹ youtube
Image caption گذشتہ کئی ہفتوں سے ترکی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے

ترکی میں فائر بریگیڈ کا عملہ سخت گرمی سے پریشان حال شائقینِ فٹبال کی مدد کے لیے پہنچ گیا اور سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں پر پانی کی بوچھاڑ کر دی۔

ایک مقامی اخبار پوسٹا نیوز کے مطابق جنوبی صوبے ادانا میں شام کے وقت کھیلے جانے والے فٹبال میچ کے دوران درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تھا۔

سخت گرمی اور حبس کے باعث سینکڑوں تماشائی پسینے سے شرابور ہو گئے۔ تماشائیوں نے میدان میں موجود آگ بجھانے والی گاڑی کو دیکھ کر ’ہمیں ٹھنڈا کر دو‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے ان نعروں کے جواب میں پانی کے پائپوں کا رخ سٹینڈز کی طرف کر دیا۔

ایک اور ترک اخبار ڈیلی صباح کا کہنا ہے کہ گرمی سے بےحال شائقین پانی سے شرابور تو ہو گئے لیکن وہ خوش تھے اور انھوں نے اظہار تشکر کے طور پر ’فائر بریگیڈ کے عملے کے حق میں نعرے بازی‘ کی۔

خیال رہے کہ گذشتہ کئی ہفتوں سے ترکی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے پانچ سے آٹھ ڈگری زیادہ ہے۔ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ چکا ہے۔

ملک میں شدید گرمی کے باعث افسوسناک واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں گرمی سے بچنے کے لیے 100 کے قریب افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے ہیں۔

اسی بارے میں