فالو آن کے بعد انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 129 رنز درکار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلوی بولروں کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے اس میچ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہے

اوول میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ میں فالون آن ہونے کے بعد میزبان انگلینڈ کو دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

سنیچر کو میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

تسیرے دن کے اختتام پر جوس بٹلر 33 رنز پر اور وُڈ بغیر کسی سکور کے کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 129 رنز درکار ہیں۔

دوسری اننگز میں گرنے والی پہلی انگلش وکٹ ایڈم لیتھ کی تھی جو دس رنز بنانے کے بعد پیٹر سڈل کی گیند پر سلپ میں آسٹریلوی کپتان کلارک کو کیچ دے بیٹھے۔

ایئن بیل آؤٹ ہونے والے دوسرے انگلش بلے باز تھے جو 13 رنز بنا کر مچل مارش کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ بنے۔

انگلینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ، جونی بیرسٹو اور بین سٹوکس دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے۔

کپتان الیسٹر کک ہی جم کر کھیل پائے اور انھوں نے 85 رنز سکور کیے۔ ان کی وکٹ سمتھ نے لی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں نیتھن لیون نے دو جبکہ مچل جانسن، مچل مارش، پیٹر سڈل اور سمتھ نے ایک ایک وکٹ لی ہے۔

اس سے قبل پہلے سیشن میں ہی انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

جمعے کو ہی انگلینڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تھی اور دن کے اختتام پر اس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایئن بیل دوسری اننگز میں ناکام رہے اور 13 رنز ہی بنا سکے

سنیچر کو معین علی اور مارک وڈ نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57 رنز بنائے۔ مارک وڈ 24 اور معین علی 30 رنز بنا کر جانسن کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن اور مچل مارش نے تین، تین جبکہ نیتھن لیون اور پیٹر سڈل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 481 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں انگلینڈ کو تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔

ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر ایشز ٹرافی دوبارہ حاصل کی تھی۔

کارڈف میں ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دی تھی تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اس کے بعد برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔

اسی بارے میں