سنگاکارا کو سفارت کار بننے کی پیشکش

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 'یہ سری لنکن کے کرکٹ شیدائیوں کے لیے ایک جذباتی شام تھی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے ملک کے اس عظیم کرکٹ سٹار کو الوداع کہنے کے لیے امڈ آئی تھی'

سری لنکا کے صدر نے مایہ ناز کرکٹر کمار سنگا کارا کے ریٹائرڈ ہونے پر ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں برطانیہ میں سری لنکا کا ہائی کمشنر بننے کی پیشکش کی ہے۔

انڈین کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنے سٹار کھلاڑی سنگا کارا کو کندھوں پر اٹھا کر گراؤنڈ کے گرد چکر لگوایا۔ یہ کمار سنگا کارا کی کیرئیر کا آخری ٹیسٹ میچ تھا۔

سنگا کارا کو انڈین ٹیم کے کپتان کوہلی کی جانب سے ان کے آٹوگراف والی شرٹ تحفے میں دی گئی جس کے بعد ایک خصوصی تقریب میں سری لنکا کے صدر میتھرئی پالا سریسینا نے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ یہ تقریب ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی۔

سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ سنگاکارا جیسا کھلاڑی سری لنکا کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے جیسے ہی سنگاکارا کو برطانیہ میں ہائی کمشنر بننے کی پیشکش کی، تو سنگاکارا حیرانگی سے مسکرا دیے۔

بائیں بازو کے شہرہ آفاق بلے باز سنگا کارا نے سری لنکن صدر کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان کے لیے حیران کن بات تھی، وہ اس بارے میں سوچ سمجھ کر کر کے فیصلہ کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ صدر کی جانب سے پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن ان کے پاس اس عہدے پر کام کرنے کے درکار تجربہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ بی بی سی سنہالا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سنگاکارا کا کہنا تھا کہ ان کے سیاست میں آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ سنگا کارا ریٹائرمنٹ کے باوجود رواں موسم گرما میں برطانوی کاؤنٹی سرے سے کھیلنے کا معاہدہ پورا کریں گے۔

سری لنکا میں بی بی سی کے رپورٹر عظام امین سنگا کارا کو الوداع کہنے کی تقریب میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سری لنکن کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک جذباتی شام تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے ملک کے اس عظیم کرکٹ سٹار کو الوداع کہنے کے لیے امڈ آئی تھی۔

سنگا کارا اپنی آخری اننگ میں صرف 17 رنز بنا سکے لیکن انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 57.40 کی اوسط سے بارہ ہزار چار سو رنز بنائے جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سری لنکا کے کسی بھی بیٹسمین کا سب سے زیادہ سکور ہے۔

اسی بارے میں