کولمبو ٹیسٹ: پجارا کی سنچری، بھارت کے 292 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پجارا اور امت مشرا نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 104 رنز بنائے

سری لنکا اور بھارت کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کےدوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا لئے تھے۔

سنیچر کو بارش کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر امپائروں کو دوسرے دن کا کھیل بھی جلد ختم کرنا پڑا۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو پجارا 135 اور ایشانت شرما دو رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پجارا نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 277 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 135 رنز سکور کیے اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں امت مشرا کے ساتھ مل کر 104 رنز جوڑے۔

میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

بھارت کی جانب سے دوسرے نمایاں بلے باز امت مشرا رہے۔ انھوں نے 87 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ انھیں ہیراتھ نہ آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پجارا نے 13چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے ہیں اور آؤٹ نہیں ہوئے

سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد چار وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

اس سے قبل کھانے کے وقفے پر پجارا 55 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ سٹورٹ بنی پہلی ہی گیند پر پراساد کا شکار بن گئے۔ تاہم پراساد اگلے اوور میں ہیٹرک لینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے وکیٹ کیپر نمن اوجھا 21 رنز بناکر اور آر ایشون پانچ رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے روز کے آغاز پر بھارت کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان وراٹ کوہلی کی شکل میں بھارت کی تیسری وکٹ گری۔

انھیں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے 18 رنز پر آؤٹ کردیا۔

کھانے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے بھارت کی چوتھی وکٹ گری۔ روہت شرما سری لنکن بولر پرساد کی گیند پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کپتان اینجلو میتھیوز نے وراٹ کوہلی کا وکٹ لیا

پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 15 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا تھا اور بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں جمعے کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور 14 کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئی تھیں۔

پہلی وکٹ دو کے مجموعی سکور پر گری جب کے ایل راہل کو پرساد نے بولڈ کیا جبکہ ریہانے آٹھ رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں سیریز میں سنچری بنا چکے ہیں۔

تاہم اس کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی نے تیسری وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت ہی قائم کی تھی کہ تیز بارش شروع ہوگئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا

بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔

اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں