کولمبو ٹیسٹ: سری لنکن ٹیم آؤٹ، بھارت کی برتری 132 رنز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تیسرے دن کھیل کے اختتام پر وراٹ کوہلی اور روہت شرما کریز پر موجود تھے

سری لنکا اور بھارت کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت کو اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا پر 132 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ اس کی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اتوار کو میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بھارت کے 312 رنز کے جواب میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح بھارت کو 111 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔

میچ کے تیسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو روہت شرما 14 اور وراٹ کوہلی ایک رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 21 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جب اس کے پانچ کھلاڑی محض 47 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس چلے گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایشانت شرما نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

جس کے بعد کوشل پریرا اور ہیراتھ نے اپنی ٹیم کو سنبھالہ دینے کی کوشش کی اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 79 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 201 رنز تک پہنچنے میں مدد فراہم کی۔

کوشل پریرا 55 اور ہیراتھ 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ سٹورٹ بنی اور امت مشرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اومیش یادو کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

بھارتی اوپنر چتیشور پجارا نے 145 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ دو ہزار سے زائد ٹیسٹ میچوں میں وہ بیٹ کیری کرنے والے 49 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

تیسرے دن کا کھیل بھارت نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز پر شروع کیا۔ بھارت کی ٹیم صرف 20 رنز کا اضافہ کر سکی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا 55 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے

اس اننگز میں سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد نے چار جبکہ ہیراتھ نے تین وکٹیں لیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا لئے تھے۔ سنیچر کو بارش کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر امپائروں کو دوسرے دن کا کھیل بھی جلد ختم کرنا پڑا۔ جبکہ پہلے دن صرف 15 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو پجارا 135 اور ایشانت شرما دو رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پجارا نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 277 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 135 رنز سکور کیے اور آٹھویں وکٹ کی شراکت میں امت مشرا کے ساتھ مل کر 104 رنز جوڑے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption چتیشور پجارا نے 145 رنز بنائے اور وہ اخیر تک آؤٹ نہیں ہوئے اور اس طرح دو ہزار سے زائد ٹیسٹ میچوں میں وہ بیٹ کیری کرنے والے 49 ویں کھلاڑی بن گئے

بھارت کی جانب سے دوسرے نمایاں بلے باز امت مشرا رہے۔ انھوں نے 87 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 59 رنز بنائے۔ انھیں ہیراتھ نہ آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد چار وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔

اس سے قبل کھانے کے وقفے پر پجارا 55 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ سٹورٹ بنی پہلی ہی گیند پر پراساد کا شکار بن گئے۔ تاہم پراساد اگلے اوور میں ہیٹرک لینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے وکیٹ کیپر نمن اوجھا 21 رنز بناکر اور آر ایشون پانچ رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کپتان اینجلو میتھیوز نے وراٹ کوہلی کا وکٹ لیا

دوسرے روز کے آغاز پر بھارت کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان وراٹ کوہلی کی شکل میں بھارت کی تیسری وکٹ گری۔

انھیں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے 18 رنز پر آؤٹ کردیا۔

کھانے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے بھارت کی چوتھی وکٹ گری۔ روہت شرما سری لنکن بولر پرساد کی گیند پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 15 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا تھا اور بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں جمعے کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور 14 کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئی تھیں۔

پہلی وکٹ دو کے مجموعی سکور پر گری جب کے ایل راہل کو پرساد نے بولڈ کیا جبکہ ریہانے آٹھ رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں سیریز میں سنچری بنا چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا

تاہم اس کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی نے تیسری وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت ہی قائم کی تھی کہ تیز بارش شروع ہوگئی۔

بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔

سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔

اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں