ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ثانیہ مرزا کو سنیچر کی شام ایک تقریب کے دوران نئی دہلی میں یہ ایوارڈ دیا گیا

بھارت کی ٹینس سٹار اور خواتین کے ڈبلز مقابلوں کی نمبر ایک کھلاڑی ثانیہ مرزا کو کھیل کی دنیا میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں کھیل رتن کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

انھیں یہ ایوارڈ سنیچر کی شام ایک تقریب کے دوران نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون یعنی صدارتی محل میں صدر جمہوریہ پرنب مکھر جی کے ہاتھوں دیا گیا۔

خیال رہے کہ کھیل کے شعبے میں سابق بھارتی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے نام پر دیا جانے والا ’راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ سب سے باوقار ایوارڈ ہے۔

بی بی سی کے آدیش کمار گپت نے بتایا کہ سنیچر کی شام صدارتی محل ان کھلاڑیوں اور کوچز سے گلزار تھا جنھیں کھیل کے میدان میں شاندار کارکردگی کے لیے راجیو گاندھی کھیل رتن، ارجن اور دروناچاریہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اس موقعے پر ثانیہ مرزا کو راجیو گاندھی کھیل رتن دیے جانے کے علاوہ دوسرے کھلاڑیوں اور کوچز کو ارجن ایوراڈ اور دروناچاریہ ایوارڈ سے نوازا گیا

انھوں نے بتایا کہ اس تقریب کی سب سے بڑی کشش ٹینس سٹار ثانیہ مرزا تھیں جنھیں راجیو گاندھی کھیل رتن سے نوازا گیا۔ ان سے پہلے ٹینس میں صرف لیئینڈر پیس کو ہی یہ اعزاز ملا ہے۔

بھارتی اخبار دی اکانومک ٹائمز کے مطابق کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹینس سٹار ثانیہ نے ملک کے وقار بلند کیا ہے۔

ثانیہ مرزا پیر سے اس سال کے آخری گرینڈ سلیم امریکی اوپن میں شرکت کر رہی ہیں لیکن وہ صرف اس ایوارڈ کے لیے ابھی تک امریکہ روانہ نہیں ہوئی تھیں اور بطور خاص ہندوستان میں تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ثانیہ مرزا پیر سے شروع ہونے والے امریکی اوپن میں ڈبلز مقابلوں کی دفاعی چیمپیئن ہیں۔

ثانیہ مرزا نے اپنی اس کامیابی پر بی بی سی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا: ’یہ ایوارڈ پاکر میں بے حد خوش ہوں اور فخر محسوس کر رہی ہوں۔

اس کے ساتھ ہی انھوں نے تمام ہم وطنوں کا شکریہ ادا کیا کہ انھیں اس ایوارڈ کے قابل سمجھا گیا۔

ان دنوں ثانیہ مرزا سوئٹزرلینڈ کی مایہ ناز کھلاڑی مارٹینا ہنگس کے ساتھ ساتھ ہیں۔ انھوں نے اپنی ساتھی کے بارے میں بتایا کہ ’ان کا ساتھ سپیشل ہے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’وہ ایک عظیم اور چیمپئن کھلاڑی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption مارٹینا ہنگس کے ساتھ انھوں نے رواں سال ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی

ثانیہ نے امید ظاہر کی کہ وہ مارٹینا ہنگس کے ساتھ مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔

رواں سال ان کی جوڑی نے ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل ثانیہ امریکن اوپن کی فاتح رہیں تھیں لیکن اس وقت ان کی جوڑی برازیل کی کھلاڑی برونوسوریس کے ساتھ تھی اور اس طرح وہ امریکی اوپن کی دفاعی چیمپیئن ہیں۔

اسی بارے میں