مارون اتاپتو نے استعفی دے دیا

Image caption اتاپتو نے سری لنکا کی جانب سے 90 ٹیسٹ میچوں میں 5,502 رنز بنائے جس میں چھ ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارون اتاپتو نے بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

44 سالہ اتاپتو کو اکتوبر سنہ 2014 میں سری لنکا کی کرکٹ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتاپتو کا استعفی منظور کر لیا گیا ہے۔

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں اتاپتو کی ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے دی جانے والی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اتاپتو کا استعفی بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔

بھارت نے 22 سال کے بعد سری لنکا کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی ہے۔

اس سے پہلے بھارت نے سنہ 1993 میں سابق کپتان اظہر الدین کی قیادت میں سری لنکا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔

اتاپتو نے گذشتہ سال ستمبر میں سری لنکا کے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری سنھمبالی تھی۔

اتاپتو نے سری لنکا کی جانب سے 90 ٹیسٹ میچوں میں 5,502 رنز بنائے جس میں چھ ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔

انھوں نے ایک روزہ میچوں میں 11 سنچریوں کی مدد سے 8,529 رنز رنز بنائے۔

اسی بارے میں