رافیل ندال یو ایس اوپن ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود سپین سے تعلق رکھنے والے رافیل ندال یو یس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں اٹلی کے کھلاڑی فیبیو فونینی سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

14 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے رافیل ندال فیبیو فونینی کے خلاف پہلے دو سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے تاہم اس کے بعد وہ مسلسل تین سیٹس میں کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

اٹلی کے فونینی نے سخت مقابلے کے بعد اس میچ میں 6-3, 6-4, 4-6, 3-6, اور 4-6 کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ رافیل ندال گرینڈ سلام میں پہلے دو سیٹ جیتنے کے بعد کوئی میچ ہارے ہوں۔

ٹینس کی درجہ بندی میں 32 ویں نمبر پر براجمان 28 سالہ فونینی یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں سپین کے لوپز سے مقابلہ کریں گے۔

کلے کورٹ کے ماہر کہے جانے والے فونینی نے ندال کے خلاف نہایت عمدہ کھیل پیش کیا۔

خیال رہے کہ فیبیو فونینی اس سے پہلے بھی دو بار ندال کو شکست دے چکے ہیں۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جانے والا یہ مقابلہ تین گھنٹے اور 46 منٹ تک جاری رہا۔

اس شکست کے ساتھ ہی گذشتہ دس سال سے ہر سال کوئی نہ کوئی گرینڈ سلیم جیتنے کا ان کا سلسلہ بھی ختم ہو گیا۔

اس سے قبل رواں سال ندال آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں تھامس برڈچ سے ہار گئے تھے جبکہ فرنچ اوپن میں نواک جوکووچ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے تھے اور ومبلڈن کے دوسرے ہی دور میں باہر ہو گئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دس سال میں فیبیو فونینی یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے والے پہلے اطالوی کھلاڑی ہیں۔

اسی بارے میں