ٹی 20 کپ میں یونس خان کی مسلسل دوسری نصف سنچری

تصویر کے کاپی رائٹ AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان نے راولپنڈی میں جاری قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری سکور کر ڈالی۔

انھوں نے بدھ کو ایبٹ آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے لاہور کے خلاف 61 رنز بنائے۔ 39 گیندوں کی ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اس سے قبل انھوں نے منگل کو کراچی بلوز کے خلاف پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے تھے۔

یونس خان بین الاقوامی ٹی 20 کوخیرباد کہہ چکے ہیں تاہم وہ قومی کرکٹ کے ٹی 20 مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔

یونس خان کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 66 رنز سکور کیے۔

لاہور کا بولنگ اٹیک محمد عرفان، وہاب ریاض، اعزاز چیمہ اور سعد نسیم پر مشتمل تھا۔

ایبٹ آباد کے سکور 198 رنز تین کھلاڑی آؤٹ کے جواب میں لاہور کی ٹیم صرف 115 رنز بنا سکی اور 83 رنز سے میچ ہارگئی۔

لاہور کی بیٹنگ لائن میں احمد شہزاد، اظہرعلی، محمد حفیظ اور عمراکمل جیسے تجربہ کار بیٹسمین شامل تھے لیکن یہ چاروں کسی قابل ذکر کارکردگی کامظاہرہ نہ کر سکے۔

محمد حفیظ 31 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔

اظہر علی پانچ، عمراکمل دس اور احمد شہزاد 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لیفٹ آرم سپنر خالد عثمان نے صرف 26 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ اور جنید خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں