آئی سی سی کی ڈیجیٹل کوریج کی مقبولیت عروج پر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صارفین نے اس ویب پیچ کا دو کروڑ بار دورہ کیا ہے جو گذشتہ ورلڈ ٹی 20 سے تین گنا زیادہ ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر ٹورنامنٹ کے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی کی ویب سائٹ، سوشل میڈیا اور موبائل ایپ پر صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

جولائی میں آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں ہونے والے اس کوالیفائیر ٹورنامنٹ کے لیے آئی سی سی نے الگ ویب سائٹ، سوشل میڈیا صفحات اور موبائل ایپ متعارف کرائے تھے۔

آئی سی سی کی جانب سے جمعرات کو کیے گئے اعلان کے مطابق ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر کے لیے بنائی گئی علیحدہ ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کی تعداد 37 لاکھ 50 ہزار تھی جو کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈ ٹی20 کے صارفین سے دو گنا زیادہ ہے۔ جبکہ صارفین نے اس ویب پیچ کا دو کروڑ بار دورہ کیا ہے جو گذشتہ ورلڈ ٹی 20 سے تین گنا زیادہ ہے۔

ورلڈ ٹی 20 کوالیفائیر میں حصہ لینے والے ممالک میں افغانستان، کینیا، نیپال، ہالینڈ اور امریکہ بھی شامل ہیں، ان ممالک کے شائقین نے بھی اس ڈیجیٹل کوریج کا بھر پور استعمال کیا ہے لیکن ان کی تعداد ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کل تعداد کا صرف 20 فی صد حصہ تھا۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھی آئی سی سی کوالیفائینگ ایونٹ کے 20 میچوں کو دنیا بھر میں نشر کیا گیا ہے اور ان میچوں کے چھوٹے دورانیے کے وڈیو کلپس کو دنیا بھر میں آئی سی سی کے ڈیجیٹل چینلز پر بہت سراہا گیا۔

دو سو سے زائد ممالک میں شائقین کرکٹ کو ویڈیوز دیکھنے کی سہولت میسر تھی۔ان ویڈیوز کو ایک کروڑ 30 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ آن لائن ویڈیوز کے زمرے میں صارفین نے ایک کروڑ 20 لاکھ منٹس کی ویڈیوز دیکھیں۔

اس کے علاوہ رواں سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہوئے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ اور اس کی کامیابی کے بعد آئی سی سی نے پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر 2015 کے لیے بھی ایک موبائل ایپ متعارف کرائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ ICC
Image caption دو سو سے زائد ممالک میں شائیقین کرکٹ کو ویڈیوز دیکھنے کی سہولت میسر تھی

اس موبائل ایپ کو دو سو سے زائد ممالک میں 22 لاکھ صارفین نے استعمال کیا جس کے بعد یہ ایپ کھیلوں کے زمرے میں چھ ممالک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونی والی ایپ رہی جبکہ کھیلوں کے زمرے میں ہی یہ ایپ دیگر 22 ممالک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی دس ایپس میں شامل رہی۔

آئی سی سی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ساتھ ساتھ آئی سی سی سوشل میڈیا پر بھی پیچھے نہیں رہا جہاں شائقین کرکٹ کو ٹی 20 کوالیفائیر کے دوران کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کے ساتھ رابطہ کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔

فیس بک صفحے پر آئی سی سی کی جانب سے کی جانے والی پوسٹس تک دس کروڑ 29 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران ٹوئٹر پر آئی سی سی کی ٹویٹس پر تین کروڑ 50 لاکھ ایمپریشن آئے۔

شائقین کرکٹ کو اس ٹورنامنٹ کے دوران ہر دن کی بہترین ویڈیو اور پورے ٹورنامنٹ کی بہترین ویڈیو کا انتخاب کرنے کے لیے ووٹ کرنے کی سہولت بھی دی گئی تھی۔

آئی سی سی کے فنانشل اور کمرشل افیئر کمیٹی کے چیئرمین جائیلز کلارک کا کہنا ہے کہ ’آئی سی سی ورلڈ ٹی20 کوالیفائیر 2015 کی ڈیجیٹل کوریج کے اعداد و شمار سے ایسوسی ایٹ ممالک میں کرکٹ کے لیے بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’اس قسم کے نئے اقدامات کا مقصد کھیلوں کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے اسی لیے آئی سی سی اس میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔‘

اسی بارے میں