انگلینڈ کو ایک اور شکست، آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز جیت لی

Image caption انگلینڈ کو دھچکہ اس وقت لگا جب کپتان مورگن ایک رن پر سٹارک کی گیند ہیلمٹ پر لگنے کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین دو سے جیت لی ہے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں سے 33 اوورز ہی میں پوری ٹیم 133 رنز سکور کر کے آؤٹ ہو گئی۔

جواب میں آسٹریلیا نے مقررہ ہدف 24.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ کی جانب سے سٹوکس اور راشد ہی ایسے بلے باز رہے جنھوں نے آسٹریلوی بولنگ کا مقابلہ کیا۔

سٹوکس نے 51 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز سکور کیے۔ ان کو مارش نے آؤٹ کیا۔

راشد نے 45 گیندوں میں 35 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ کو دھچکہ اس وقت لگا جب کپتان مورگن ایک رن پر سٹارک کی گیند ہیلمٹ پر لگنے کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارش نے چار، ہیسٹنگز نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور برنز صفر پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے فنچ نے 64 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ان کا ساتھ بیلی نے دیا جنھوں نے 41 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آسٹریلیا نے ایک روزہ میچوں کی سیریز تین دو سے جیتی ہے۔

اسی بارے میں