فلاویا پینیٹا نے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption فلاویا نے گرینڈ سلیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر میں پہلی بار فاتح بننے کا اعزاز حاصل کیا

اٹلی کی ٹینس سٹار فلاویا پینیٹا خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اپنی ہم وطن روبرٹا ونسی کو ہرا کر رواں سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کی فاتج بن گئی ہیں۔

فلاویا نے براہ راست دو سیٹوں میں 6-7، 2-6 سے یہ کامیابی حاصل کی اور یہ ان کا پہلا گرینڈ سلیم خطاب تھا۔

خیال رہے کہ انھوں نے یہ ٹائٹل 33 سال اور چھ ماہ کی عمر میں حاصل کیا ہے۔

فلاویا نے گرینڈ سلیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمر میں پہلی بار فاتح بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ہی اپنے پیشہ ورانہ ٹینس کو خیرباد کہہ دیا۔

فلاویا نے کہا: ’ایک ماہ پہلے جب یہ ٹورنامنٹ شروع ہونے والا تھا اس سے پہلے ہی میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اس طرح سے میں ٹینس کو الوداع کہوں گی، یہ میرا آخری ٹورنامنٹ تھا اور میں اس کے بارے میں اس سے بہتر طریقے سے ختم ہونے کے بارے میں نہیں سوچ سکتی تھی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ All Sport
Image caption اس ٹورنا منٹ میں فلاویا کو 26 واں رینک حاصل تھا لیکن روبرٹا ونسی کو کوئی رینک حاصل نہیں تھا

فلاویا اور روبرٹا بچپن کی سہیلیاں ہیں اور اس بار کے امریکی اوپن میں دونوں نے زبردست اپ سیٹ کرکے پہلی پہلی بار فائنل میں قدم رکھا تھا۔

پہلی بار گرینڈ سلیم مقابلے کے فائنل تک پہنچنے والی فلاویا نے جیتنے کے بعد کہا: ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں چمپیئن بنوں گی۔ یہ میرے پسندیدہ ٹورنامنٹ میں سے ایک ہے، میں یہاں کھیلنا پسند کرتی ہوں۔ میری ٹیم نے جو میرے لیے کیا اس کے لیے میں ان کی ضرور تعریف کروں گی اور اپنی دوست کے ساتھ کھیلنا بھی بہترین تھا۔ ہم ایک دوسرے کو اس وقت سے جانتے ہیں جب ہم بہت چھوٹے تھے، ہم نے اتنا وقت ساتھ گزارا ہے کہ ہم اپنی زندگی پر ایک کتاب لکھ سکتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption میچ دیکھنے والوں میں معروف ہالی وڈ اداکار مائیکل ڈگلس اپنی اہلیہ کیتھرن زیٹا جونس کے ساتھ موجود تھے

دوسری جانب فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والی روبرٹا ونسی نے کہا: ’یہ مرحلہ مشکل تھا۔ پچھلے 24 گھنٹے سے میرے دماغ میں بہت سی چیزیں تھیں۔ لیکن میں فلاویا کے لیے واقعی بہت خوش ہوں۔جس کھلاڑی کو آپ کو ایک عرصے سے جانتے ہوں اس کے خلاف کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن فلاویا نے ناقابل یقین طور پر بہتر کھیل پیش کیا اور مجھے مبارک باد دینی ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میچ کے بعد دونوں سہیلیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا

اس ٹورنا منٹ میں فلاویا کو 26 واں رینک حاصل تھا لیکن روبرٹا ونسی کو کوئی رینک حاصل نہیں تھا۔ ویسے ونسی کو عالمی درجہ بندی میں 43 واں رینک حاصل ہے لیکن انھوں نے سیمی فائنل میں خواتین کی ورلڈ نمبر ون سیرینا ولیمز کو شکست دے کر سب کو چونکا دیا تھا۔

اسی بارے میں