رچی رچرڈسن آئی سی سی کے میچ ریفری مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رچی رچرڈسن 2011 سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مینیجر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو آئی سی سی میچ ریفری کے ایلیٹ پینل میں شامل کر لیا ہے۔

پیر کو آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ رچی رچرڈسن کو سری لنکا کے روشن ماہناما کی جگہ منتخب کیا گیا جنھوں نے گذشتہ ہفتے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

رچی رچرڈسن بطور میچ ریفری اپنے عہدے کا باقاعدہ آغاز ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ٹیم مینیجر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کا معاہدہ آئندہ سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد ختم ہو جائے گا۔

آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل ہونے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت خوش ہوں اور عالمی کرکٹ میں سب سے اہم کام کے لیے منتخب ہونے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

’باؤنڈری لائن کی دونوں جانب پہلے کھلاڑی اور پھر منتظم کی حیثیت سے میں سمجھتا ہوں کہ میرے پاس اتنا تجربہ اور بصیرت ہے کہ میں اچھے اور تجربہ کار میچ آفیشلز کے ساتھ مل کر مثبت کام کر سکتا ہوں۔

’لازمی طور پر میں مستقبل میں اپنے ساتھیوں سے سیکھنا اور کام کرنا چاہوں گا جیسا کہ ہم سب بہتر کام کرنے کے لیے کرتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رچی رچرڈسن کرکٹ کے تین عالمی مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں

رچی رچرڈسن نے اپنے موجودہ عہدے کے بارے میں کہا کہ ’جب تک آسٹریلیا کا دورہ ختم نہیں ہو جاتا میری تمام تر توجہ ویسٹ انڈیز ہی پر رہے گی۔ میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا اس نئے عہدے کے لیے حمایت اور ساتھ دینے کے لیے شکرر گزار ہوں۔‘

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن نے سنہ 1983 سے 1996 تک 86 ٹیسٹ اور 224 ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی ہے۔

53 سالہ رچرڈسن نے ٹیسٹ میچوں میں 5949 اور ایک روزہ میچوں میں 6248 رنز بنا رکھے ہیں۔جبکہ وہ 24 ٹیسٹوں اور 87 ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔

انھوں نے سنہ 1987، 1992 اور 1996 کے عالمی کپ کھیلے ۔

رچی رچرڈسن 2011 سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مینیجر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اسی بارے میں