خواتین ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرادیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم (فائل فوٹو)

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیشی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 29 رنز سے جیت لیا۔

کراچی کے ڈیفنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر ایک سوچوبیس رنز بنائے۔

پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گرجانے کے بعد بسمہ معروف اور جویریہ خان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ستاسی رنز کا اضافہ کیا۔ بسمہ معروف نے پنسٹھ رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔

جویریہ خان نے چھ چوکوں کی مدد سے چوالیس رنز اسکور کیے۔

ناہیدہ اختر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بنگلہ دیشی خواتین ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں پر پچانوے رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

عائشہ رحمن اور فرزانہ حق نے تئیس تیئس رنز اسکور کیے۔رومانہ احمد نے بیس رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی طرف سے انعم امین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات کے روز کھیلا جائے گا جس کے بعد دو ون ڈے انٹرنیشنل چار اور چھ اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیشی خواتین ٹیم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سخت سکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔

اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کا نمبر پانچواں ہے جبکہ بنگلہ دیش کی رینکنگ نویں ہے۔

اسی بارے میں