’اپنی فارم سے پریشان نہیں، ایک اننگز کی بات ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP GETTY
Image caption شاہد آفریدی نے 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی موجودہ فارم سے پریشان نہیں ہیں اور انھیں یقین ہے کہ ایک اچھی اننگز کھیل کر وہ پھر فارم میں آجائیں گے۔

زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اپنی موجودہ بیٹنگ فارم سے پریشان نہیں ہیں۔اس سے پہلے بھی انھیں اس طرح کی صورتحال کا سامنا رہا ہے اور وہ اس سے نکل چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ گذشتہ سال ایشیا کپ کے موقع پر بھی ان کی بیٹنگ فارم کے بارے میں کافی باتیں ہو رہی تھیں لیکن اس وقت بھی انھوں نے34 رنز ناٹ آؤٹ اور 59 رنز کی دو اہم اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی دلائی تھی۔ اس بار بھی ایک اچھی اننگز سب کچھ ٹھیک کردے گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ آنے والے میچوں میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کریں۔

انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ ٹیم کا جو کمبی نیشن سوچ رہے ہیں وہ بن رہا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بہت اہم ٹورنامنٹ ہے اور اسی وجہ سے وہ اسی ماہ لاہور منتقل ہو رہے ہیں تاکہ وہ وہاں رہ کر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچز کے ساتھ زیادہ وقت ٹریننگ میں گزار سکیں۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی ورلڈ کپ کے اختتام پر ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور انھوں نے آئندہ سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

شاہد آفریدی نے 84 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 83 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جو ہموطن سعید اجمل کی سب سے زیادہ85 وکٹوں کے بعد دوسری بڑی تعداد ہے۔

اسی بارے میں