خراب روشنی کے باعث پاکستان کو پانچ رنز سے شکست، سیریز برابر

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 131 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی

ہرارے میں کھیلےگئے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت پانچ رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔

ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت پاکستان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 48ویں اوور کےاختتام پر 261 رنز بنانے تھے۔ تاہم خراب روشنی کے باعث جب میچ روکا گیا تو پاکستان نے 48 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے تھے۔

اس طرح پاکستان کو زمبابوے کے ہاتھوں پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب میچ ختم ہوا تو پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور یاسر شاہ کریز پر موجود تھے۔

شعیب ملک نے پہلے نوجوان کھلاڑی عامر یامین اور پھر یاسر شاہ کے ساتھ مل کر عمدہ بلے بازی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی بھر پور کوشش کی۔

شعیب ملک نے 106 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 96 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کا ساتھ دینے والے یاسر شاہ نے 22 گیندوں تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

نوجوان کھلاڑی عامر یامین نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک روزہ میچوں میں اپنی پہلی نصف سنچری سکور کی۔ انھوں نے 78 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔

اس سے قبل زمبابوے کی طرح پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف دو رنز کے مجموعی سکور پر بلال آصف بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی ٹیم ابھی پہلی وکٹ کے نقصان سے باہر نکل نہیں پائی تھی کہ کپتان اظہر علی بھی آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب 17 رنز کے مجموعی سکور پر اسد شفیق ایک سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور عامر یامین نے ساتویں وکٹ کے لیے 111 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

زمبابوے کی جانب سے پنیانگارا نے دو، لیوک جانگ وے، چبابا اور گریم کریمر نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے زمبابوے نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا۔

زمبابوے نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں 276 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے مساکادزا اور چبھابھا نے اننگز کا آغاز کیا۔

زمبابوے کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 28 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب مساکادزا وہاب ریاض کی گیند پر سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

زمبابوے کی جانب سے چبابا نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 90 اور چگمبورا نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے چار، محمد عرفان اور عامر یامین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 131 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

اس سے قبل پاکستان دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کے دونوں میچ جیت کر ٹی 20 سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔

اسی بارے میں