یونس خان کا ریکارڈ توڑ چھکا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption یونس پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے باز بھی ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

انھوں نے یہ سنگِ میل منگل کو انگلینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن معین علی کو چھکا لگا کر عبور کیا۔

یونس خان کو 19 رنز کا بےچینی سے انتظار

’ریکارڈ ٹوٹ جاتا لیکن مروت آڑے آ گئی‘

اس چھکے کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ میں جاوید میانداد کے 8832 رنز کے مجموعے کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

37 سالہ یونس نے یہ کارنامہ اپنے102 ویں ٹیسٹ کی 181 ویں اننگز میں سرانجام دیا۔

اس میچ سے قبل یونس خان کو میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 19 رنز درکار تھے۔

جاوید میانداد نے 124 ٹیسٹ میچوں میں 57 ء 52 کی اوسط سے 8832 رنز بنائے تھے جن میں 23 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

ابوظہبی ٹیسٹ سے قبل یونس خان نے 101 ٹیسٹ میچوں میں 07ء54 کی اوسط سے8814 رنز بنائے ہیں جن میں 30 سنچریاں اور29 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

یہ 30 سنچریاں ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس میچ سے قبل یونس خان کو میانداد کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 19 رنز درکار تھے

یونس خان سے قبل انضمام الحق کو بھی یہ ریکارڈ توڑنے کا موقع ملا تھا لیکن وہ اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں تین رن پر سٹمپ ہو کر صرف تین رنز ہی کی کمی سے یہ اعزاز حاصل نہیں کر سکے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھارت کے سچن تندولکر ہیں جنہوں نے 15921 رنز بنائے ہیں۔

اس کے بعد فہرست میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 13378 رنز کے ساتھ موجود ہیں جن کے بعد ژاک کیلس کا نام آتا ہے جنھوں نے 13289 رنز بنائے ہیں۔

حال ہی میں ریٹائر ہونے والے سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے اپنے کریئر میں 12400 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز کے ٹاپ ٹیسٹ سکورر برائن لارا ہیں جو 11953 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے۔

پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں میدان میں اترنے والی انگلش ٹیم کے قائد الیسٹرکک اپنے ملک کے لیے سب سے زیادہ 9330 ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ان کے علاوہ سٹیون فلیمنگ 7172 رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ، اینڈی فلاور 4794 رنز کے ساتھ زمبابوے اور تمیم اقبال 3118 رنز کے ساتھ بنگلہ دیش کے ٹاپ ٹیسٹ سکورر ہیں۔

اسی بارے میں