گرم موسم اور سپن وکٹوں پر لمبی اننگز کیسے کھیلی جائیں؟

Image caption ’سخت اور مختلف حالات سے نمٹنے کا طریقہ جو میں نے ایشیا میں کھیل کر سیکھا ہے میں اسے انگلش کرکٹرز کو بتا رہا ہوں‘

سری لنکا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے کرکٹرز نے ان سے زیادہ تر یہی سوال کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے گرم موسم اور سپن وکٹوں پر لمبی اننگز کیسے کھیلی جائیں؟

یاد رہے کہ مہیلا جے وردھنے ان دنوں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں۔

مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ وہ کوچنگ سے بہت لطف اندوز ہورہے ہیں اور وہ اپنا تجربہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں میں منتقل کررہے ہیں لیکن یہ ایک پورا عمل ہے جسےصرف ایک دن میں نہیں سکھایا جاسکتا۔

مہیلا جے وردھنے کہتے ہیں کہ سخت اور مختلف حالات سے نمٹنے کا طریقہ جو انہوں نے ایشیا میں کھیل کر سیکھا ہے وہ اسے انگلش کرکٹرز کو بتارہے ہیں۔

جے وردھنے نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی ان سے یہ پوچھتے رہے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں لمبی اننگز کیسے کھیلی جائے جس پر وہ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ بیٹنگ کے بنیادی اصولوں پر عمل کریں۔ ہر چیز کو سہل اور سادہ رکھیں اور اپنی توانائی کو بچاتے ہوئے اننگز کھیلیں۔

جے وردھنے انگلینڈ کی اس پالیسی سے بہت خوش ہیں جس کے تحت وہ اپنے مستقبل کے لیے ان جیسے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے نوجوان کرکٹرز کی کوچنگ کرا رہا ہے۔

جے وردھنے نے جو روٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہونے کے باوجود بہت کچھ سیکھنے کی جستجو میں لگے رہتے ہیں۔

اسی بارے میں