ظہیر خان کا عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ظہیر خان نے اپنا آخری میچ 2014 میں ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا

بھارت کے بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے فاسٹ بولر ظہیر خان نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا اعلان انھوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کیا۔

اپنے بیان میں 37 سالہ ظہیر نے کہا ہے کہ ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا۔

انھوں نے لکھا ہے کہ ایک دن تربیتی سیشن کے دوران انھیں محسوس ہوا کہ ’اب میرے کندھے دن میں 18 اوورز کرنے میں میری مدد نہیں کر سکتے۔ مجھے لگا کہ یہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے۔‘

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ظہیر نے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز سنہ 2000 میں کیا تھا اور انھوں نے اپنا آخری میچ 2014 میں ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ کے لیے ظہیر خان کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی ہے۔

منوہر نے کہا کہ ظہیر بھارتی ٹیم کے لیے مکمل عزم اور جوش سے کھیلے اور بھارتی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔

ظہیر خان نے اپنے بین الاقوامی كریئر میں 92 ٹیسٹ میچ کھیلے اور تقریباً 33 کی اوسط سے 311 وکٹ لیے۔

انھوں نے 200 ون ڈے میچوں میں 29۔42 کی اوسط سے 282 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ٹی 20 میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 17 رہی۔

ظہیر نے 2011 کے ورلڈ کپ میں 21 وکٹ لیے تھے اور پاکستان کے شاہد آفریدی کے ساتھ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر تھے۔