سہواگ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سہواگ نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں دو ٹرپل سنچریاں بنائیں

جارحانہ بلے بازی کے لیے شہرت رکھنے والے سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے کرکٹ کی دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔

سہواگ نے منگل ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا، ’میں بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں اور انڈین پریمیئر لیگ سے بھی ریٹائر ہو رہا ہوں۔‘

سہواگ کا نیا ریکارڈ

اس پیغام کے بعد جاری ہونے والے بیان میں انھوں نے کہا کہ ’کچھ عرصہ پہلے میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں اپنی 37 ویں سالگرہ پر ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔ لہٰذا آج جب میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزار رہا ہوں، میں بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس اور انڈین پریمیئر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔‘

سہواگ نے بھارت کے لیے کھیلنے کو ایک یادگار سفر قرار دیا اور کہا کہ ’میں نے اس سفر کو ساتھی کھلاڑیوں اور بھارتی کرکٹ کے شائقین کے لیے مزید یادگار بنانے کی کوشش کی اور ایسا کرنے میں کچھ حد تک کامیاب بھی رہا۔‘

اس موقع پر انہوں نے اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ virendersehwag
Image caption سہواگ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عالمی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا

’میں ان تمام لوگوں کو بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے گذشتہ برسوں کے دوران کرکٹ کے بارے میں مجھے مشورے دیے۔ میں زیادہ تر مشورے نہ ماننے کے لیے معافی چاہتا ہوں۔ میرے پاس مشورہ نہ ماننے کی ایک وجہ تھی، میں نے اپنے طریقے سے کھیل رہا تھا۔‘

وریندر سہواگ نے سنہ 2001 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا جبکہ وہ اپنا پہلا ون ڈے اس سے دو برس قبل پاکستان کے خلاف کھیلے تھے۔

انھوں نے بھارت کے لیے 104 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 8،586 رن بنائے جن میں دو ٹرپل سنچریاں بھی شامل ہیں۔

سہواگ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 245 اننگز میں 35.05 کی اوسط سے 8،273 رن بنائے۔

وہ ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز تھے۔

اسی بارے میں