یاسر شاہ کا کردار بہت اہم ہوگا: مصباح الحق

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں لیگ سپنر یاسر شاہ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے۔

یاسر شاہ کمر کی تکلیف کے سبب ابوظہبی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے لیکن وہ فٹ ہوگئے ہیں اور جمعرات سے دبئی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

انگلش بیٹسمینوں کی کمزوری سے فائدہ اٹھاؤں گا: یاسر شاہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ دبئی ٹیسٹ میں یاسرشاہ کا کردار بہت اہم ہوگا۔گزشتہ سال انہی میدانوں میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف انھوں نے انتہائی شاندار بولنگ کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم جس ٹیم کے خلاف بھی کھیلی ہے یاسر شاہ نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے نہ صرف وکٹیں حاصل کی ہیں بلکہ حریف ٹیموں پر زبردست دباؤ بھی قائم کیا ہے۔ وہ ایک ایسے بولر ہیں جنھوں نے اپنا بھرپور تاثر چھوڑا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم جس صورتحال سے دوچار ہوئی تھی اس میں اس کے لیے میچ بچانا ضروری ہوگیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح کہتے ہیں کہ یاسر شاہ نے ہر ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی ہے

انھوں نے کہا کہ دبئی میں اسی ٹیم کا پلہ بھاری رہا ہے جو سپنرز کو اچھا کھیلے اور اس کے پاس اچھے سپنرز ہوں۔ یہاں میچ کا نتیجہ بھی نکلتا ہے لہذا پاکستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ مثبت کرکٹ کھیلے اور ابوظہبی میں کی گئی غلطیوں کو نہ دہرائے۔

مصباح الحق نے کہا کہ انھوں نے کبھی بھی انگلینڈ کی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا۔ تین سال قبل انھیں جب وائٹ واش ہوا تھا تو اس کے بعد انھوں نے اس خطے میں کرکٹ کھیلنے کے بارے میں بہت زیادہ تیاری کی اور اس بار انگلینڈ کی ٹیم مختلف

روپ میں سامنے آئی ہے۔

مصباح الحق آف سپنر بلال آصف کے بارے میں واضح سوچ رکھے ہوئے ہیں کہ اگر ان کے بولنگ ایکشن کے ساتھ مسئلہ ہوتا تو انھیں یہاں نہ بلایا جاتا۔

’وہ یہاں ہیں تو ہم بھی پراعتماد ہیں کہ انھیں ٹیسٹ کھلایا جائے۔صرف یہ دیکھنا ہے کہ وہ اس کامبی نیشن میں کس طرح فٹ ہوتے ہیں۔‘

اسی بارے میں