کک کی وکٹ مل گئی مگر روٹ 76 رنز پر ناٹ آؤٹ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جو روٹ اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 76 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں

انگلینڈ نے پاکستان کو دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 378 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلے دن کا اختتام 182 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا ہے ۔کم روشنی کے سبب کھیل دس اوورز پہلے ختم کیا گیا۔

مہمان ٹیم پاکستان کے سکور سے 196 رنز پیچھے ہے اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے ڈبل سنچری میکر کپتان الیسٹر کک 65 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے لیکن جو روٹ اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 76 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

جو روٹ نے ابوظہبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 85 اور33 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے تھے۔

جو روٹ اور جانی بیرسٹو کی شراکت میں 55 رنز بن چکے ہیں۔بیرسٹو 27 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے یاسر شاہ کی طرف دیکھ رہی تھی لیکن انگلینڈ کے بیٹسمین انہیں اعتماد سے کھیلنے میں کامیاب رہے۔ یاسر شاہ سترہ اوورز میں انسٹھ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔

انگلینڈ نے پہلی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کرتے ہوئے 14 رنز پر دو وکٹیں گنوادی تھیں۔

معین علی صرف ایک رن بناکر وہاب ریاض کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ ای این بیل کو چار رنز پر عمران خان کی گیند پر سرفراز احمد نے کیچ کیا۔ کک اور جو روٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں113 رنز کا اضافہ کیا۔

کک کی اہم وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی۔ وہ 27 کے اسکور پر آؤٹ ہونے سے بال بال بچے تھے جب ذوالفقار بابر کی گیندسٹمپ سے ٹکرائی لیکن بیلز نہیں گریں۔ اس سے قبل پاکستان نے 282 رنز4 کھلاڑی آؤٹ پر دوسرے دن کھیل شروع کیا تو پانچویں ہی گیند پر سٹورٹ براڈ نے مصباح الحق کو ایل بی ڈبلیو کردیا اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کی اننگز کو جلد سمیٹنے کا راستہ کھل گیا۔

سرفراز احمد نے 32 رنز پر معین علی کی گیند پر غیرضروری سٹروک کی قیمت اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں چکائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption السٹر کک کی اہم وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی

وہاب ریاض نے بھی سرجھکاکر بیٹنگ کے بجائے بلاوجہ بلا گھمانے پر اپنی وکٹ گنوائی اور جب یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کی وکٹیں گریں تواسد شفیق سنچری سے اٹھارہ رنز کی دوری پر تھے۔

آخری بیٹسمین عمران خان نے بغیر کوئی رن بنائے تیرہ گیندیں کھیلتے ہوئے اسد شفیق کو اپنی نویں سنچری مکمل کرنے کا پورا پورا موقع فراہم کیا لیکن اسد شفیق مارک ووڈ کی تیز گیند گھٹنے پر لگنے کے تین گیندیں بعد ہی83 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں شارٹ مڈوکٹ پر کیچ ہوگئے۔

پاکستان کی چھ وکٹیں سکور میں صرف 96 رنز کا اضافہ کرسکیں۔

معین علی اور مارک ووڈ تین تین وکٹوں کی برابر تقسیم کے ساتھ انگلینڈ کے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔

اسی بارے میں