’ملاقات منسوخ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی معذرت‘
- ذیشان علی
- بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
شہریار خان اور نجم سیٹھی بھارتی کرکٹ بورڈ کی دعوت پر بھارت گئے تھے
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے ممبئی میں ہونے والی ملاقات کی منسوخی کے بعد معذرت کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ششانک منوہر نے بھارتی انتہا پسند عناصر کے دباؤ کے بعد دونوں حکام کے درمیان ممبئی میں طے شدہ ملاقات کی منسوخی پر شہریار خان کو لکھے خط میں معذرت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر بھارتی حکومت سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے رابطہ بھی کیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھیل اور سیاست کو یکجا نہیں کرنا چاہیے۔ پی سی بی نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ بی سی سی آئی انتہا پسند عناصر کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنے گی جو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں سیریز ہونی ہے جو کہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان طے شدہ معاہدے کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دونوں بھارت کی ہندو نواز جماعت شیو سینا نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے روابط بحال کرنے کے لیے بات چیت کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کیا تھا۔
شیو سینا کے درجنوں کارکنان نے دفتر کے باہر پاکستان ہائے ہائے کا نعرہ لگا رہے تھے اور وہ بھارتی بورڈ کے خلاف بھی نعرے بازی کر رہے تھے۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈوں پر درج تھا: ’شہر یار خان واپس جاؤ۔‘