مصباح سے کہا ہے کہ ریٹائر نہ ہوں: شہریارخان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شہریارخان نے مصباح الحق سے علیحدہ ملاقات کی تھی اور کہا کہ وہ ابھی ریٹائر نہ ہوں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہ لینے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان سے کہہ دیا ہے کہ انہیں آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنی چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنے حالیہ دورۂ امارات میں مصباح الحق سے علیحدہ ملاقات کی تھی اور ان سے کہا تھا کہ وہ ابھی ریٹائر نہ ہوں اور آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں۔

شہریارخان نے کہا کہ انھوں نے مصباح سے یہ بھی کہا کہ وہ اس کا جواب ابھی نہ دیں بلکہ سوچ بچار کے بعد فیصلہ کریں جس پر مصباح کا کہنا تھا کہ وہ اس سیریز کے بعد اپنے جواب سے انہیں مطلع کردیں گے۔

واضح رہے کہ مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز سے قبل یہ عندیہ دیا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف یہ سیریز ان کی آخری سیریز ہو۔

شہریارخان سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی اور سابق کپتان رمیز راجہ بھی مصباح الحق کو پاکستانی ٹیم کی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہیں اپنا کریئر جاری رکھنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔

مصباح الحق پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 19ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مصباح الحق نے60 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں لیکن ابھی تک انہیں انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 19ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتان ہیں

اسی بارے میں