’ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ابھی نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ سے سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی ٹیسٹ سیریز تک کافی وقت ہے لہذا وہ اس دوران سوچ بچار کے بعد فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ سیریز شروع ہونے سے قبل مصباح الحق نے عندیہ دیا تھا کہ یہ ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ثابت ہوسکتی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے ان سے درخواست کی تھی کہ انھیں ابھی ریٹائر نہیں ہوناچاہیے اور وہ آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں۔

مصباح سے کہا ہے کہ ریٹائر نہ ہوں: شہر یار خان

’مصباح ابھی ریٹائرمنٹ کا مت سوچیں‘

’پاکستان کو مصباح کی ضرورت ہے‘

مصباح الحق نے سنیچر کو شارجہ سٹیڈیم میں ٹیم کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ شارجہ ٹیسٹ سے قبل اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے والے تھے لیکن اب ان کا خیال ہے کہ اس سیریز کے بعد انھیں سوچنے کے لیے کافی وقت ملا ہے لہذا اس مرحلے پر وہ کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ تیسرے ٹیسٹ میں مثبت سوچ کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے میچ جیتا جائے۔ دبئی ٹیسٹ کی جیت سے یقیناً ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور اسی سپرٹ کے ساتھ یہ میچ بھی کھیلیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس سے قبل مصباح الحق نے عندیہ دیا تھا کہ یہ ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ثابت ہوسکتی ہے

مصباح الحق تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ سے سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم نے پچھلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ انھیں آسانی سے سیریز نہیں جیتنے دے گی۔

مصباح کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ان کنڈیشنز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مقابلے میں زیادہ سخت جاں حریف ثابت ہوئی ہے۔

شارجہ کی وکٹ کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا ہے کہ چونکہ نئی وکٹ ہے لہذا اس کے بارے میں کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی تاہم یہ ایسی وکٹ نہیں جس پر تین ریگولر سپنرز کھلائے جائیں۔

شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان کی ممکنہ ٹیم یہ ہے۔ مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، محمد حفیظ، شعیب ملک، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علی۔

اسی بارے میں