ان فِٹ اور ون ڈے میں منتخب نہ ہونے والے چار کھلاڑی واپس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل چار کرکٹرز وطن واپس بھیج دیے گئے ہیں جن میں عمران خان، جنید خان، شان مسعود اور فواد عالم شامل ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے بی بی سی کو بتایا کہ عمران خان شارجہ ٹیسٹ سے قبل ان فٹ ہوگئے تھے جبکہ جنید خان شان مسعود اور فواد عالم کا ون ڈے ٹیم میں منتخب کیے جانے کا امکان نہیں ہے لہٰذا انہیں بھی وطن بھیجا گیا ہے۔

جنید خان اور فواد عالم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہ لے سکے۔ شان مسعود ابوظہبی اور دبئی ٹیسٹ کھیلے تھے جن کی چار اننگز میں وہ صرف اٹھاون رنز بناسکے۔ چاروں اننگز میں انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنید خان اور فواد عالم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہ لے سکے

عمران خان نے دد ٹیسٹ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں ہونے والا ہے جس کے لیے چیف سلیکٹر ہارون رشید ان دنوں شارجہ میں موجود ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شان مسعود ابوظہبی اور دبئی ٹیسٹ کھیلے تھے جن کی چار اننگز میں وہ صرف اٹھاون رنز بناسکے

پہلے دو ون ڈے گیارہ اور تیرہ نومبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ون ڈے سترہ نومبر کو شارجہ اور چوتھا ون ڈے بیس نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 26 اور 27 نومبرکو دبئی میں ہونگے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں