284 رنز کا ہدف، انگلینڈ کے دو کھلاڑی آؤٹ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حفیظ 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی نویں سنچری تھی

شارجہ میں پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز بنا لیے تھے۔

جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر کپتان الیسٹر کک اور جو روٹ موجود تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

شارجہ ٹیسٹ کے چوتھا دن کی تصاویر

آؤٹ ہونے والے پہلے انگلش بلے باز معین علی تھے جنھیں 22 کے انفرادی سکور پر شعیب ملک نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ شعیب نے ہی ایئن بیل کی وکٹ بھی لی جو کوئی رن نہ بنا سکے۔

پاکستانی بولروں نے انگلش اننگز کے ابتدائی 18 اوورز میں ہی اپنے دونوں ریویوز ضائع کر دیے جب پہلے الیسٹر کک اور پھر جو روٹ کے خلاف امپائر کے ناٹ آؤٹ فیصلے کو تھرڈ امپائر نے برقرار رکھا۔

اس سے قبل چوتھے دن چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 355 رنز بنا آؤٹ ہوگئی تھی۔

دن کے پہلے سیشن میں پاکستان نے نائٹ واچ مین کی وکٹ کے علاوہ کوئی وکٹ گرنے نہیں دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ذوالفقار بابر نے پاکستان کو دوسری اننگز میں پہلی کامیابی دلوائی

کھانے کے وقفے تک پاکستان کے بلے بازوں نے نہ صرف اینڈرسن اور براڈ کی تیز رفتار گیندوں کا بڑی خوبصورتی سے سامنا کیا بلکہ عادل، پٹیل اور معین علی کی سپن بھی بڑی مہارت سے کھیلا۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی تھی جو 151 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی نویں سنچری تھی۔

ان کے علاوہ اسد شفیق نے 46، مصباح الحق نے 36 جبکہ سرفراز احمد نے 38 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو برتری دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ کے لیے سٹوئرٹ براڈ نے تین، جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں لیں جبکہ عادل رشید، سمت پٹیل اور معین علی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور اسے پاکستان پر 72 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

تین میچوں کی اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کو ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے اور اگر وہ یہ میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔

اسی بارے میں